لاہور: پنجاب میں نئی خریدی جانے والی تمام گاڑیوں کی رجسٹریشن اب لازمی طور پر صوبے میں ہی کی جائے گی۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب عمر شیر چٹھہ نے موٹر برانچز کے افسران اور کار مینوفیکچررز کو اس حوالے سے فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ڈی جی ایکسائز کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق پنجاب میں فروخت ہونے والی ہر نئی گاڑی کو رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ہی خریدار کے حوالے کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے تمام کار مینوفیکچررز اپنے مجاز ڈیلرز کی فہرستیں متعلقہ موٹر برانچز کو فراہم کریں گے۔
عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ تمام مجاز ڈیلرز کو ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم (DVRS) کے تحت بروقت لائسنس جاری کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب کے شناختی کارڈ پر خریدی جانے والی گاڑی کی رجسٹریشن ڈیلر کی ذمہ داری ہوگی اور رجسٹریشن کے بعد ہی گاڑی خریدار کے سپرد کی جائے گی۔
ڈی جی ایکسائز کے مطابق ڈیلرز کی فہرستیں موصول ہوتے ہی ڈی وی آر ایس لائسنس کے اجرا کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ اس وقت لاہور سمیت پنجاب بھر میں 102 ڈیلرز ڈی وی آر ایس لائسنس کے تحت گاڑیوں کی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیلرز فی گاڑی رجسٹریشن کی مد میں 2 ہزار روپے سروس چارجز وصول کر رہے ہیں، تاہم نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے ان چارجز میں معمولی اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔
750 روپے کے بانڈ رکھنے والے لکھ پتی بن گئے، نتائج کا اعلان
یہ فیصلے ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کی کار مینوفیکچررز اور موٹر برانچ ڈائریکٹرز کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کیے گئے، جس میں متعلقہ اداروں کو نئی ہدایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
