ترجمان دفترخارجہ طاہراندرابی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان سمیت دیگر ممالک میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی سرپرستی کر رہا ہے،عالمی برادری پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی بھارتی کوششوں کا نوٹس لے۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش رکھتا ہے اور تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ پاکستان کے نزدیک تمام تنازعات کا واحد حل مذاکرات اور سفارت کاری میں مضمر ہے جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں کسی بھی نئی کشیدگی کو روکنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
امریکا ایران کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا، مارکو روبیو
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان علاقائی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور آبنائے ہرمز میں غیر معمولی صورتحال پورے خطے کو متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے تمام فریق تنازعات کے پرامن حل کے اپنے عزم پر قائم رہیں گے کیونکہ تنازع کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔ عالمی برادری خطے میں مستقل امن کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر سے ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر کشیدگی سے گریز اور امن و استحکام کے فروغ پر زور دیا۔ امیر قطر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے فعال کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور سعودی وزیر خارجہ سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور سعودی عرب نے قریبی مشاورت اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
امریکا ایران کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں ہلچل ، تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں علاقائی سلامتی اور امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے خطے میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا جبکہ ایرانی صدر نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ میں نئی کشیدگی روکنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ اسلام آباد میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چوتھا دور منعقد ہوا، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آئی ٹی، تعلیم، ثقافت، افرادی قوت کی نقل و حرکت اور قابلِ تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ پاکستانی وفد کی قیادت سفیر عائشہ علی جبکہ پرتگالی وفد کی سربراہی سفیر ہیلینا مالکاٹا نے کی۔
ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد میں او آئی سی خواتین وزارتی کانفرنس کا نواں اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں خواتین کے بااختیار بنانے اور رکن ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے خلاف جنگ میں مطلوبہ اہداف حاصل کر لیے، امریکی صدر
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں اور حریت رہنماؤں کو بلاجواز نظربند رکھا گیا ہے۔ پاکستان حریت رہنماؤں کے خلاف بھارتی چارج شیٹ کی سخت مذمت کرتا ہے کیونکہ بھارت کشمیری قیادت کے خلاف بے بنیاد سیاسی مقدمات قائم کر رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی قیدیوں کے خلاف بنائی گئی فرضی چارج شیٹ فوری طور پر واپس لی جائے اور عالمی برادری بھارت کے مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنیوا کنونشنز کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان پہلگام واقعے سے متعلق بھارتی الزامات کو پہلے بھی مسترد کر چکا ہے اور اب بھی مسترد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر اور پاکستان میں مداخلت بھارت کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہیں۔
امریکا کا ایران پر حملہ ، پاسداران انقلاب کا خلیجی ممالک میں امریکی اہداف پر جوابی وار
طاہراندرانی کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان سمیت دیگر ممالک میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی سرپرستی کر رہا ہے۔ عالمی برادری پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
