واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا ایران کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہازوں پر کسی قسم کی فیس عائد نہیں ہو گی۔ اور امریکا ایران کی جانب سے کسی بھی معاہدے کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے امریکی صدر کا مؤقف بالکل واضح ہے۔ اور یہ آبی گزرگاہ کسی ایک ملک کی ملکیت نہیں۔ عمان اور دیگر خلیجی ممالک نے بھی واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں کوئی فیس نافذ نہیں کی جائے گی۔ جبکہ اس تجویز کو خلیجی ممالک کی حمایت بھی حاصل نہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امید ہے ایران اپنے وعدوں کی پاسداری کرے گا۔ تاہم اگر ایران ایک اچھی ڈیل چاہتا ہے تو امریکا بھی مثبت پیش رفت کے لیے تیار ہے۔
علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ بحرین کے بادشاہ کے ساتھ ان کی مفید ملاقات ہوئی۔ جبکہ خلیجی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ بھی مثبت اور تعمیری مذاکرات ہوئے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعاون، علاقائی سلامتی اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔ اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کا تیسرا روز جاری ہے اور امریکا لبنان میں امن کا خواہاں ہے۔
وینزویلا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا نے امدادی اور ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی ہیں اور مشکل وقت میں وینزویلا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں سرچ اور ریسکیو آپریشنز کے لیے مزید امداد کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران امریکا معاہدہ دنیا کیلئے مثبت پیغام ہے، امن کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، چین
مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا اور عمان کے درمیان قریبی تعلقات موجود ہیں۔ جبکہ امریکا اور اٹلی کے روابط بھی مضبوط ہیں۔ انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیٹو اجلاس میں شرکت کریں گے۔
