خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس کی نئی شرحوں کی منظوری دے دی جس کا محکمہ خزانہ نے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق سول سیکرٹریٹ، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور گورنر سیکرٹریٹ میں گریڈ 3 سے گریڈ 22 تک کے ملازمین اور افسران نئی شرحوں کے مطابق ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس کے حقدار ہوں گے۔
گریڈ 3 سے 6 کے ملازمین کو ماہانہ 6 ہزار روپے، گریڈ 7 سے 10 کے ملازمین کو 9 ہزار روپے، گریڈ 11 سے 13 کو 13 ہزار جبکہ گریڈ 14 اور 15 کے ملازمین کو 16 ہزار روپے ماہانہ ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس دیا جائے گا۔
وفاقی ملازمین کیلئے خوشخبری ، ہاؤس رینٹ سیلنگ میں 85 فیصد اضافے کی منظوری
اسی طرح گریڈ 16 کے ملازمین کے لیے ماہانہ 18 ہزار روپے، گریڈ 17 اور 18 کے افسران کے لیے 21 ہزار روپے، گریڈ 19 کے لیے 28 ہزار اور گریڈ 20 کے افسران کے لیے 35 ہزار روپے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق گریڈ 21 کے افسران کو ماہانہ 42 ہزار روپے جبکہ گریڈ 22 کے افسران کو 52 ہزار روپے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس ملے گا۔
محکمہ خزانہ کا کہنا تھا کہ ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس کی نئی شرحوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہو گا۔
