برطانوی شہزادہ ولیم نے فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ارجنٹینا کے ہاتھوں شکست ہونے کے بعد اپنی فٹبال ٹیم کے لیے جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔
شہزادہ ولیم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر موجود اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر انگلینڈ کی ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ کے دوران مخالف ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور میچ جیتنے کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں انگلینڈ کی فٹبال ٹیم سے مخاطب ہو کر شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ نے پوری کوشش کی اور ہمیں ناقابلِ یقین ٹورنامنٹ کے لیے آپ پر بہت فخر ہے۔

شہزادہ ولیم نے مزید لکھا ہے کہ آپ نے میدان میں غیر معمولی جذبے، اعتماد اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، اس نے ہم سب کو متاثر کیا ہے۔
انہوں نے اپنی اسٹوری کے آخر میں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اپنے سروں کو فخر سے بلند رکھیں۔ کیونکہ آپ نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
فیفا ورلڈ کپ: ارجنٹینا کی ٹیم پر ممکنہ کارروائی کے بادل منڈلانے لگے
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ جس کے بعد انگلینڈ ورلڈ کپ کے فائنل کے دوڑ سے باہر ہو گیا۔
