ایپل ٹیکنالوجی کمپنی کی جانب سے آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرومیکس اور ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون جلد پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایپل کمپنی ستمبر 2026 میں اپنی تاریخ کی سب سے بڑی آئی فون اپ ڈیٹ متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اگرچہ ایپل نے ان منصوبوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم متعدد ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی نئی نسل کے آئی فونز، فولڈیبل ڈیوائسز اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس مصنوعات پر کام کر رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل کی سالانہ لانچ تقریب 8 یا 9 ستمبر 2026 کو متوقع ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات ان ابتدائی ممالک میں شامل ہو سکتا ہے جہاں نئے آئی فونز کی پری آرڈر بکنگ تقریب کے فوراً بعد شروع ہو گی۔ صارفین کو ڈیوائسز کی فراہمی 18 ستمبر سے شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ ایپل اپنی آئی فون سیریز کو دو مراحل میں متعارف کرا سکتا ہے۔ پہلے مرحلے میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور فولڈیبل آئی فون لانچ کیے جائیں گے، جبکہ معیاری آئی فون 18، آئی فون 18 ای اور نئی نسل کا آئی فون ایئر 2027 کے آغاز میں پیش کیے جا سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو سیریز کے ڈیزائن میں بڑی تبدیلی متوقع نہیں، تاہم کیمرا ماڈیول، بیٹری، ویپر چیمبر کولنگ سسٹم اور اے آئی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ نئے رنگوں میں ڈارک چیری، لائٹ بلیو، سلور اور ڈارک گرے شامل ہونے کا بھی امکان ہے۔
فولڈیبل آئی فون کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اسے مضبوط ہنج، بہتر پائیداری اور پریمیم ڈیزائن کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا، جبکہ اسے آئی فون 18 پرو سیریز کے ساتھ ایک اعلیٰ درجے کی ڈیوائس کے طور پر فروخت کیا جائے گا۔
قیمتوں کے حوالے سے رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے باعث آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمت میں 200 امریکی ڈالر تک اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے یہ ایپل کی اب تک کی مہنگی ترین مین اسٹریم آئی فون سیریز بن سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سائبر کرائم سے بچاؤ کا آسان طریقہ، اپنی اور خاندان کی ڈیوائسز محفوظ بنائیں
رپورٹس کے مطابق نئے فونز میں 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی A20 پرو چپ، جدید کیمرا سسٹم، ویری ایبل اپرچر، بہتر فیس آئی ڈی، چھوٹا ڈائنامک آئی لینڈ اور پہلے سے زیادہ بیٹری لائف جیسے فیچرز بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔
