پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی موجودہ قیادت تصادم چاہتی ہے، شاید وہ سمجھتے ہیں کہ تصادم ان کی سیاست کو سوٹ کرتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے منڈی بہاؤالدین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان کشیدگی بہت زیادہ ہے، اس لیے مذاکرات کو راستہ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران دونوں فریقین کی جانب سے خاصی نرمی دکھائی گئی، تاہم مذاکرات میں شامل نہ ہونے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کی وجہ سے ڈیڈلاک پیدا ہوا۔ حالات ٹھہراؤ کی طرف جاتے نظر نہیں آرہے، اور اگر تصادم ہوا تو بڑے نقصان کا امکان ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج آئینی و قانونی اختیارات ہیں تاہم یہ اقدامات ناپسندیدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی لانگ مارچ کرتے رہے ہیں، لیکن موجودہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو شاید ان سے کچھ زیادہ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک کے دو صوبے پہلے ہی دہشت گردی کے باعث مشکل صورتحال سے دوچار ہیں، ایسے حالات میں مزید کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے کسی رہنما کی ہٹ دھرمی کے باعث مذاکرات ناکام ہوئے تو ریاست نے اپنا کام کرنا ہے۔



