کوہاٹ، خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے علاقے مالگین میں شدید طوفانی بارش کے باعث ایک رہائشی مکان منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں 14 افراد ملبے تلے دب گئے۔
ہم نیوز کے مطابق حادثے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے جن میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کوہاٹ کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اورامدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122 کوہاٹ کی چار ایمبولینسیں، ریسکیو 1122 کرک کی دو ایمبولینسیں اور ایک ریکوری وہیکل نے حصہ لیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے مقامی افراد کے تعاون سے ملبے تلے دبے تمام متاثرین کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد زخمیوں اور جاں بحق افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ضلع دیامرمیں طغیانی اورسیلابی ریلوں سے تباہی،ٹریفک معطل، بجلی بھی منقطع
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ملبہ مکمل طور پر ہٹانے اور علاقے کا جائزہ لینے کا عمل بھی جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ متاثرہ شخص کی موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
شدید بارشوں کے باعث پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے جبکہ مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے خراب موسم کے دوران احتیاط برتنے اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔
بعد ازاں ضلع دیامرمیں طغیانی اورسیلابی ریلوں سے مختلف علاقوں میں تباہی مچ گئی، تھورمیں موسلا دھار بارش کے باعث 6 سے زائد مقامات پر سیلابی صورتحال ہے۔
ہم نیوز کے مطابق سیلابی ملبہ گھروں میں داخل ہوگیا، زرعی زمینیں، فصلیں اوردرخت بہہ گئے،تھورکی رابطہ سڑک متعدد مقامات پربند ہے،ٹریفک معطل، بجلی بھی منقطع ہوگئی۔
