برسلز: یورپی ممالک نے روس پر یورپی یونین کے رکن ممالک اور یوکرین کے خلاف مبینہ سائبر حملوں کی مہم چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک کا کہنا ہے کہ روس مبینہ طور پر یورپی ممالک کے خلاف سائبر سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ جس کے بعد جرمن وزارت خارجہ نے ان حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا۔
جرمن وزارت خارجہ کے مطابق جرمنی، یورپی یونین کے شراکت دار ممالک اور یوکرین کے خلاف سائبر حملوں کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ جس میں مزید پابندیاں عائد کرنے سمیت دیگر اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب یورپی یونین اور برطانیہ نے یورپ میں ہونے والے مبینہ سائبر حملوں کے تناظر میں روس کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ جرمنی نے اس معاملے پر روسی سفیر کو طلب کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں کا بھارتی حکومت کے نام کھلا خط
یورپی یونین نے 9 روسی شخصیات اور 4 اداروں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے، جبکہ برطانیہ نے مزید 24 افراد اور اداروں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔
