اداکارہ سحر ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی عمران ہاشمی کہنے پر ذہنی صدمے سے دوچار ہوئی۔
سحر ہاشمی نے ڈراموں میں گلے لگانے کے مناظر پر ہونے والی تنقید اور انہیں “پاکستان کی عمران ہاشمی” قرار دیے جانے پر پہلی بار کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ موازنہ مضحکہ خیز ہے اور اس تنقید نے انہیں ذہنی طور پر متاثر کیا۔
روزنامہ ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق حالیہ انٹرویو میں سحر ہاشمی نے کہا کہ وہ تنقید کو اپنی بہتری کے لیے مثبت انداز میں لیتی ہیں تاہم بعض تبصرے بے بنیاد ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا، “میں پہلی اداکارہ ہوں اور نہ آخری، جس نے اسکرین پر کسی کو گلے لگایا ہو۔”اداکارہ نے کہا کہ ڈراموں میں ایسے مناظر کہانی اور کردار کی ضرورت کے مطابق شامل کیے جاتے ہیں اور انہیں ہدایت کار کے کہنے پر ادا کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں کسی منظر میں خود کو پُرسکون محسوس کرتی ہوں اور ہدایت کار کو اس کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو وہ منظر فلمایا جاتا ہے۔
سحر ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں سماجی رویے مختلف ہیں، اس لیے ہر چیز کو ایک ہی زاویے سے نہیں دیکھا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ہر کوئی مخالف جنس کو گلے لگانا قبول نہیں کرتا لیکن یہ حقیقت بھی ہے کہ بعض جگہوں پر ایسا ہوتا ہے، ہمیں خود فریبی سے بچنا چاہیے۔
اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ مرد اداکاروں کے مقابلے میں انہیں زیادہ تنقید کا سامنا کیوں کرنا پڑا؟ تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، شاید اس کی وجہ صرف ‘ہاشمی، ہاشمی’ والا تعلق ہے۔
سحر ہاشمی نے اعتراف کیا کہ اس تنازع کے بعد وہ آئندہ ایسے مناظر کے انتخاب میں زیادہ احتیاط کریں گی۔انہوں نے کہا اگر ہم ناظرین کے لیے ڈرامے بناتے ہیں اور انہیں یہ پسند نہیں تو ہم ایسا نہیں کریں گے لیکن مجھے اس معاملے پر نشانہ بھی نہ بنایا جائے۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید کے باعث وہ کئی راتیں روتے ہوئے سوئیں اور اس دوران شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہیں۔
مومنہ اقبال ہراسگی کیس، ن لیگی رکن ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع
انہوں نے کہا کہ اداکار شہزاد شیخ، ہدایت کار، اداکارہ نوال سعید اور اداکار فیروز خان نے مشکل وقت میں ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں صبر سے کام لینے کا مشورہ دیا۔
واضح رہے کہ سحر ہاشمی پاکستان کی ابھرتی ہوئی ٹی وی اداکارہ ہیں، جنہوں نے ڈرامہ “ظلم” سے شہرت حاصل کی۔ بعد ازاں “عشق ہوا”، “من مست ملنگ” اور “زنجیریں” سمیت متعدد ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے جبکہ مختلف ٹیلی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ حالیہ دنوں میں ڈرامہ “زنجیریں” اور “شیدائی” میں گلے لگانے کے مناظر سوشل میڈیا پر زیر بحث آئے، جس کے بعد انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
