نیویارک: اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں نے بھارتی حکومت کے نام لکھے کھلے خط میں لاکھوں مسلمانوں کا نام ووٹر فہرستوں سے خارج کیے جانے پر وضاحت طلب کر لی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے بھارت کو انتخابی فہرستوں سے ووٹروں کے نام خارج کیے جانے پر باضابطہ مراسلہ ارسال کیا گیا۔ جس میں بھارت سے انتخابی فہرستوں سے لاکھوں نام حذف کیے جانے کے الزامات پر جامع جواب طلب کیا گیا۔
اقوام متحدہ نے بھارت سے مذہب اور نسلی بنیاد پر حذف کیے گئے ووٹروں کا ڈیٹا بھی مانگ لیا۔
لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ مغربی بنگال میں 91 لاکھ نام انتخابی فہرستوں سے حذف کیے جانے کے الزامات ہیں۔ جبکہ 12 ریاستوں میں 5 کروڑ 20 لاکھ نام حذف کیے جانے کے الزامات موصول ہوئے۔
اقوام متحدہ کے مطابق مسلم اور بنگالی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو ٹارگٹ کر کے فہرستوں سے نکالا گیا۔ اور نندی گرام کے علاقے میں حذف شدہ ووٹرز میں 95 فیصد مسلمان تھے۔
یہ بھی پڑھیں: روس کیساتھ جنگ میں شدت ، یورپی ممالک کا یوکرین کو مزید فوجی امداد دینے پر غور
خصوصی نمائندوں نے کہا کہ ووٹر لسٹوں سے نام نکالنے سے اقلیتیں، خصوصاً مسلمان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سرکاری نمائندے اپنی تقاریر سے امتیازی رویوں کو فروغ دے رہے ہیں۔
