واشنگٹن/تہران: امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران خطے میں فوجی کارروائیاں مزید شدت اختیار کر گئی ہیں، امریکی فوج کے مطابق اس نے مسلسل دوسری رات ایران کے درجنوں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی شہر آبادان میں مختلف مقامات پرامریکی حملوں میں2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، سی این این کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی افواج امریکی حملوں کا بھرپور جواب دے رہی ہیں۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں تازہ حملوں میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے ہیں، گورنر سیکیورٹی امور اصفہان کا کہنا ہے کہ ایرانی شہر نائین میں فوجی اڈے پر حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب امریکا کا مؤقف ہے کہ ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور نے آبنائے ہرمز میں ایک اور تجارتی جہاز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جس کے بعد امریکی کارروائیاں کی گئیں، آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے۔
ادھر ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیجی خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کی جانب تازہ حملے کیے ہیں، بحرین میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے جبکہ کویت کی فوج نے تصدیق کی کہ وہ اپنی فضائی حدود میں “دشمنانہ فضائی اہداف” کا مقابلہ کر رہی ہے۔
کویتی مسلح افواج نے اپنے بیان میں کہا کہ فضائی دفاعی نظام دشمن حملوں کو ناکام بنا رہا ہے اور شہری کسی بھی دھماکے کی آواز سے پریشان نہ ہوں بلکہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں، اس سے قبل ایرانی میڈیا نے کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کی اطلاعات دی تھیں، تاہم دونوں واقعات کے باہمی تعلق کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔
حملے دفاع میں کیے، جب امریکا معاہدے پر عمل نہیں کرتا تو ہم کیسے کریں، ایرانی وزارتِ خارجہ
دوسری جانب اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اردن کی مسلح افواج نے ایرانی حدود سے آنے والے چار میزائل اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد تباہ کر دیے۔ فوج کے مطابق یہ کارروائی ملکی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے کی گئی۔
خطے کی صورتحال بدستور کشیدہ ہے، جبکہ مختلف ممالک صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
