پنجاب اور سندھ حکومتوں نے بیوروکریسی میں اہم تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعدد سینئر افسران کے عہدے تبدیل کر دیے ہیں۔
دونوں صوبوں میں جاری نوٹیفکیشنز کے تحت نئے افسران کو فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان کا تبادلہ کر دیا گیا ہے، جبکہ نعمان یوسف کو نیا کمشنر لاہور ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اوران کی جگہ رانا عدیل تصور کو ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ مقرر کیا گیا ہے۔
مزید برآں ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے، جبکہ شاہد عباس کاٹھیا کو میانوالی کا نیا ڈپٹی کمشنر تعینات کیا گیا ہے۔
پنجاب بیوروکریسی میں اہم ردوبدل، متعدد افسران کے تقرر و تبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری
حکومت پنجاب نے تمام متعلقہ افسران کو فوری طور پر نئے عہدوں کا چارج سنبھالنے کی ہدایت کی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ تقرر و تبادلے انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے اور گڈ گورننس کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے ہیں۔
بعد ازاں حکومت سندھ نے بھی بیوروکریسی میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے کاشف گلزار شیخ کو سیکریٹری اطلاعات تعینات کر دیا۔ چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدرشاہ کی جانب سے تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کاشف گلزار شیخ فوری طور پر سیکریٹری اطلاعات سندھ کا چارج سنبھالیں گے، جبکہ ندیم الرحمان میمن سے سیکریٹری اطلاعات کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے۔ تاہم وہ بدستور سیکریٹری کالجز ایجوکیشن سندھ کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
دونوں صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری نوٹیفکیشنز میں متعلقہ افسران کو فوری طور پر اپنے نئے عہدوں پر ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ان تقرریوں اور تبادلوں کو انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
