پاکستان والی بال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، وزیراعظم نے قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔
اسلام آباد میں کھیلے گئے فائنل میں قومی ٹیم نے بنگلادیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
فائنل مقابلے میں پاکستان نے آغاز ہی سے کھیل پر گرفت برقرار رکھی اور بنگلادیش کے خلاف 25-20، 25-16 اور 25-20 سے کامیابی حاصل کی۔
قومی کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک، شاندار دفاع اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 6 ٹیموں نے شرکت کی تاہم پاکستان ٹیم پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہی۔ قومی ٹیم نے گروپ مرحلے سے فائنل تک مسلسل فتوحات حاصل کرکے اپنی برتری ثابت کی۔
چیمپئن شپ کے تیسرے پوزیشن کے مقابلے میں سری لنکا نے ازبکستان کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی مبارکباد
بعد ازاں وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستانی والی بال ٹیم کو سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں، کوچزاور ٹیم مینجمنٹ کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی ٹیم نے بہترین کھیل، نظم و ضبط اور مثالی ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
ہاکی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم میں بڑی تبدیلی، عماد بٹ کی جگہ ابوبکر کپتان مقرر
وزیراعظم نے عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی جاری رکھے گی۔ انہوں نے قومی ٹیم کے لیے مستقبل کے مقابلوں میں مزید کامیابیوں کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
