پنجاب حکومت نے بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کرتے ہوئے متعدد اہم انتظامی عہدوں پر نئے افسران کی تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سینئر افسر افتخار علی سہو کو پنجاب کا نیا ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محمد عمر مسعود کو سیکرٹری زراعت پنجاب مقرر کیا گیا ہے، جبکہ زید بن مقصود کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں سیکرٹری انڈسٹریز، کامرس اینڈ انویسٹمنٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح محمد جہانزیب کو سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (S&GAD) مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سید محمد مسعود نعمان کو سیکرٹری آرکائیوز اینڈ لائبریریز ونگ کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ تقرر و تبادلے انتظامی امور کو مزید مؤثر، شفاف اور تیز رفتار بنانے کے مقصد سے کیے گئے ہیں تاکہ مختلف محکموں کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔
پنجاب اور سندھ کی بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ، کمشنر لاہور سمیت متعدد افسران تبدیل
نئی تعیناتیاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی اور متعلقہ افسران جلد اپنے نئے عہدوں کا چارج سنبھالیں گے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے حالیہ انتظامی تبدیلیوں کو صوبے کے مختلف شعبوں، بالخصوص زراعت، صنعت، سرمایہ کاری اور انتظامی امور میں اصلاحات اور بہتر گورننس کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
