اسلام آباد، پاکستان نے کویت کی جانب سے 2023 میں طے پانے والے پاک کویت دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جون 2023 میں دستخط کیے گئے اس معاہدے کی توثیق دونوں برادر ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعلقات اور دفاعی تعاون کو نئی وسعت دینے کے عزم کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
🔈 PR No. 1️⃣9️⃣4️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Statement by the Spokesperson
🔗⬇️ pic.twitter.com/Z7mZ5K09K0
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) July 29, 2026
ترجمان نے بتایا کہ معاہدے کے تحت مشترکہ فوجی تربیت، عسکری مشقوں، پیشہ ورانہ مہارت کے تبادلے اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کے لیے ایک جامع ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کیا گیا ہے، جس سے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور کویت علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں، جبکہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ طے پا چکا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی ایک ملک کے خلاف ہونے والی ہر قسم کی جارحیت کو دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
ایک ملک پر جارحیت دونوں ملکوں کیخلاف حملہ تصور ہو گا ، پاکستان اور سعودی عرب میں دفاعی معاہدہ
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحد الصباح نے ملاقات کی، وزیراعظم نے مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امیرِ کویت اور ولی عہد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
دوسری جانب فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے کویت کے وزیر خارجہ جراح جابرالاحمد الصباح کی جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان موجود دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہا گیا اوراس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور کویت باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔
