کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور حساس ادارے نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم بی ایل اے کے دو تربیت یافتہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں مجاہد بلوچ اور فرید بلوچ عرف ذاکر شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 4 کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، پرائما کارڈ اور بال بیرنگ برآمد کیے گئے۔
کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا؛ کمسن طالبہ کو بی ایل اے کے خودکش حملے سے بچالیا گیا
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں ملزمان نے بی ایل اے کے تربیتی کیمپ میں ریکی، کمیونیکیشن اور دیگر تخریبی سرگرمیوں کی باقاعدہ تربیت حاصل کر رکھی تھی۔ ملزمان تنظیم کے کمانڈر ساجد بلوچ اور بشیر زیب کی ہدایات پر کراچی میں مقیم تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد شہر کی حساس تنصیبات کی معلومات جمع کرکے اپنی تنظیم کو فراہم کرتے تھے، جبکہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کا نیٹ ورک قائم کرنے کی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھے۔
کراچی میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، بی ایل اے کا اہم کمانڈر سہیل بلوچ ہلاک
ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔
