امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ایل پی جی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 روپے فی کلو مقرر کی ہے لیکن ملک بھر میں یہ 500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر سرکاری نرخ اور مارکیٹ قیمت میں اتنا بڑا فرق ہے تو حکومت کی رٹ کہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گیس کی لوڈشیڈنگ عروج پر ہے جب کہ ایل پی جی کی قیمتیں بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر صنعتوں کو سستی گیس فراہم کی جائے تو صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوگا، برآمدات بڑھیں گی اور معیشت کو سہارا ملے گا، مگر موجودہ حالات میں مہنگائی اپنی بلند ترین سطح پر ہے جس کا بوجھ عام شہری برداشت کر رہے ہیں۔
تیل کی عالمی قیمتیں کم، پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کی جائے، حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرول کی قیمت میں حالیہ کمی کو بھی ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صرف ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کرکے “حاتم طائی کی قبر پر لات ماری”۔ آج بھی پیٹرول پر پٹرولیم لیوی سمیت 118 روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اب تک پٹرولیم لیوی کی مد میں ساڑھے آٹھ ہزار ارب روپے سے زائد وصول کر چکی ہے، لیکن اس کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔
