اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے جووینائل کارڈ کے اجرا کا طریقہ کار، فیس اور ڈلیوری کے اوقات جاری کر دیئے۔ تاکہ والدین اور قانونی سرپرست آسانی سے بچوں کا شناختی کارڈ بنوا سکیں۔
نادرا کے مطابق جووینائل کارڈ کے لیے درخواست دینے سے قبل بچے کی رجسٹریشن کرانا لازمی ہے۔ جس کے بعد درخواست گزار ٹوکن حاصل کرے گا۔ اگلے مرحلے میں بچے کی تصویر اور فنگر پرنٹس لیے جائیں گے، جبکہ والد یا والدہ یا قانونی سرپرست کی بائیومیٹرک تصدیق بھی لازمی ہو گی۔
نادرا کا کہنا ہے کہ ڈیٹا انٹری مکمل ہونے کے بعد اپروول آفیسر درخواست کی تصدیق کرے گا۔ جس کے بعد مقررہ فیس جمع کرانے پر جووینائل کارڈ جاری کر دیا جائے گا۔
اتھارٹی نے کارڈ کے اجرا کے لیے تین مختلف سروسز متعارف کرائی ہیں۔ نارمل سروس کی فیس 750 روپے مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت کارڈ 31 دن میں فراہم کیا جائے گا۔ ارجنٹ سروس کے لیے 1500 روپے فیس رکھی گئی ہے اور کارڈ 23 دن میں جاری ہو گا۔ جبکہ ایگزیکٹو سروس کی فیس 2500 روپے ہے، جس کے تحت کارڈ صرف 9 دن میں حاصل کیا جا سکے گا۔

نادرا کے مطابق درخواست والد، والدہ یا قانونی سرپرست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست کے ساتھ والدین کے فنگر پرنٹس، موبائل نمبر، ای میل ایڈریس اور بچے کے کمپیوٹرائزڈ پیدائشی سرٹیفکیٹ کی تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: نئے مالی سال میں پرائز بانڈ جیتنے والوں کو کتنا ٹیکس دینا ہوگا؟ تفصیلات آگئیں
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 1777 یا ادارے کی سرکاری ویب سائٹ سے رابطہ کریں۔
