ملک کے شمالی حصوں میں کل سے فعال موسمی نظام داخل ہونے کا امکان ظاہر کردیا گیا، آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش متوقع ہے۔
کل سے دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے ۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کل اسلام آباد، پوٹھوہاراور آزاد کشمیر میں موسلادھار بارش متوقع ہے اسی طرح گلگت بلتستان اورشمالی بلوچستان میں بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں معمولی اضافے کاامکان ہے ، دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔
موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں،پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مقامی سطح پر اضافہ متوقع ہے۔

حساس بالائی علاقوں اور پہاڑی ندی نالوں میں مقامی سیلاب کا خدشہ ہے،شہری علاقوں میں سیلاب اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خدشہ ہے ،اسی طرح خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
