اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایس ایم ایز) کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ایس ایم ایز کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی استعداد کار بڑھانے، بالخصوص کسانوں کو اجناس اور پھلوں کی ویلیو ایڈیشن اور پراسیسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے آگاہی اور قرضوں کی سہولت فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کمرشل بینک ایس ایم ایز کے لیے خصوصی قرضہ جاتی مصنوعات متعارف کرائیں۔ جبکہ سمیڈا کاروباری منصوبوں (فیزیبیلٹی) کی تیاری اور دیگر مراحل میں صنعتکاروں کی مکمل رہنمائی اور معاونت کرے۔
وزیر اعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سمیڈا نوجوانوں، خصوصاً خواتین کاروباری افراد (انٹرپرینیورز) کو نئی صنعتیں قائم کرنے میں بھرپور معاونت فراہم کرے اور انہیں کاروبار کے لیے درکار سہولیات تک رسائی دی جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستانی ایس ایم ایز کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے اور برآمدات بڑھانے کے لیے رواں برس 700 ایس ایم ایز کی 16 بین الاقوامی تجارتی نمائشوں اور ایونٹس میں شرکت یقینی بنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 35 شہروں میں ایس ایم ایز کو مالیاتی ضوابط اور کاروباری مہارتوں کے حوالے سے تربیت بھی فراہم کی گئی۔
وزیر اعظم نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور کمرشل بینکوں کے اشتراک سے ایس ایم ایز کی قرضوں تک رسائی آسان بنانے کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کو ریلیف دینے کیلیے پیٹرول کی قیمت کم کی گئی،معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے،وفاقی وزیرخزانہ
اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک، معاون خصوصی ہارون اختر، متعلقہ اعلیٰ حکام، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور شعبے کے ماہرین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
