نئے مالی سال 2026-27 کا فنانس ایکٹ یکم جولائی سے نافذ العمل ہو چکا ہے، جس کے تحت مختلف شعبوں میں ٹیکس قوانین پر نظرثانی کی گئی ہے۔
تاہم پرائز بانڈ رکھنے والوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ حکومت نے انعامی رقم پر عائد ٹیکس کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
نئے فنانس ایکٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران بھی پرائز بانڈ کی انعامی رقم پر فائلرز سے 15 فیصد جبکہ نان فائلرز سے 30 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
اس طرح انعام جیتنے والے افراد کو گزشتہ مالی سال کی طرح ہی ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور اس مد میں کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔
دوسری جانب 750 روپے مالیت کے پرائزبانڈ کی 107ویں قرعہ اندازی 15 جولائی 2026 کو لاہور میں منعقد ہوگی، اس قرعہ اندازی میں پہلا انعام 15 لاکھ روپے ہوگا، جو ایک خوش نصیب کے حصے میں آئے گا۔
سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
جبکہ تین افراد پانچ، پانچ لاکھ روپے کے دوسرے انعامات حاصل کریں گے۔ اس کے علاوہ سینکڑوں کامیاب افراد کو 9 ہزار 300 روپے کے تیسرے انعامات بھی دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جو سود سے اجتناب کرتے ہوئے اپنی بچت پرائز بانڈز میں لگاتے ہیں، اس اسکیم کے تحت سرمایہ محفوظ رہتا ہے اورہرتین ماہ بعد قرعہ اندازی کے ذریعے نقد انعامات جیتنے کا موقع ملتا ہے۔
اس وقت قومی بچت کے مختلف مالیت کے پرائز بانڈز 100، 200، 750، 1500، 7500، 15 ہزار، 25 ہزار اور 40 ہزار روپے میں دستیاب ہیں۔
