اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع کی تلاش تیز کریں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں وزیر اعظم کو نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی گئی.
وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانے افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع کی تلاش تیز کریں۔ جبکہ افرادی قوت، خصوصاً نوجوانوں کو ہنر، زبانوں کی تربیت اور سرٹیفکیشن فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت باصلاحیت ہے۔ عالمی معیار کی تعلیم اور رسائی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اور پاکستانی سرٹیفکیشنز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کیا جائے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ہنرمند افراد کے لیے متعلقہ ممالک کی زبانوں کی تعلیم اور سرٹیفکیشن یقینی بنائی جائے۔ اور نیووٹیک کے تربیتی اداروں کی کارکردگی اور کنٹری آف ڈیسٹی نیشن سینٹرز پر رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیر اعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ حب میں 8 لاکھ نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں۔ اور بیرون ملک مختلف شعبوں میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ طاس معاہدے پر سمجھوتہ قبول نہیں، بھارت سے چاہے جنگ ہی کیوں نہ لڑنی پڑے، بلاول
مزید کہا گیا کہ پاکستانی سفارتخانے روزگار کے مواقع اور مطلوبہ قابلیت کا ڈیٹا ڈیجیٹل یوتھ حب پر فراہم کریں گے۔
