سری لنکا کی ایک جیل میں قیدیوں کے دو گروپوں کے درمیان ہونے والی خونریز لڑائی کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد ہلاک جبکہ تقریباً 100 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ جھڑپیں دارالحکومت کولمبو سے تقریباً 35 کلومیٹر دور نیگومبو کی جیل میں شروع ہوئیں، جہاں سزا یافتہ قیدیوں اور ریمانڈ پر جیل بھیجے گئے ملزمان کے درمیان تصادم ہوا۔
واقعے کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی، تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جیل کے مختلف حصوں کو کلیئر کیا جا رہا ہے اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کی مکمل تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
سری لنکن فوج کے ترجمان بریگیڈیئر ورونا گاماگے کے مطابق پولیس کی مدد کے لیے فوج کو طلب کیا گیا ہے، تاہم فی الحال فوجی دستے الرٹ پر ہیں۔
Unrest for the 2nd day at Negombo prison despite Sri Lanka prisons spokesman claiming the situation was brought under control with the help of inmates. Relatives of detainees have heard few gunshots. Several inmates & officers have been taken to hospital according to journalists. pic.twitter.com/7ZUlGk5qJw
— LankaFiles (@lankafiles) July 6, 2026
ٹی وی فوٹیج میں جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات دیکھی گئی، جبکہ زخمی قیدیوں کو بسوں اور ایمبولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جن میں سے بعض شدید زخمی حالت میں بس کے فرش پر پڑے دکھائی دیے۔
اناطولیہ ایجنسی کے مطابق نیگومبو جیل میں 2 ہزار 417 قیدی قید ہیں جبکہ حکام صورت حال کو قابو میں لانے اور جھگڑے کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سری لنکا کی جیلوں میں نہ صرف گنجائش سے کہیں زیادہ قیدی رکھے گئے ہیں بلکہ جیلوں کی حالت اور انتظامی کنٹرول بھی نہایت کمزور ہے۔ مقامی میڈیا کے اعداد و شمار کے مطابق جیلوں میں 10 ہزار قیدیوں کی گنجائش ہے مگر رکھے قیدیوں کی تعداد 39 ہزار سے زائد ہے۔
