انقرہ، نیٹو کا آئندہ سربراہی اجلاس اگلے ہفتے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں منعقد ہوگا، جہاں عالمی سلامتی، یوکرین جنگ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر فیصلے متوقع ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نیٹو رہنما اجلاس کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں اس عزم کا اعادہ کریں گے کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیئے جائیں گے۔
اتحادی ممالک ایران سے مطالبہ کریں گے کہ وہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی خدشات کا ازالہ کرے۔
رپورٹ کے مطابق نیٹو ممالک ایران پر زور دیں گے کہ وہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی کا مکمل احترام کرے اور اس اہم بحری گزرگاہ میں کشیدگی بڑھانے سے گریز کرے۔
ایران ہماری تمام ضروری شرائط ماننے پر رضامند ہوگیا ہے، ٹرمپ کا نیا دعویٰ
اعلامیے میں عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز کی اہمیت پر بھی زور دیے جانے کا امکان ہے۔
ادھر نیٹو رہنما یوکرین کے لیے آئندہ مرحلے میں 70 ارب یورو کی امداد فراہم کرنے کے عزم کا بھی اعلان کریں گے تاکہ روس کے خلاف جاری جنگ کے دوران کیف کی عسکری، اقتصادی اور دفاعی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اجلاس میں ایران، یوکرین اور یورپی سلامتی سے متعلق فیصلے آنے والے مہینوں میں عالمی سفارتی اور سکیورٹی صورتحال پر نمایاں اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
