چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے سابق سپریم لیڈر شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کیلئے تہران پہنچ گئے ہیں۔
اس موقع پر ایران کے وزیرداخلہ سکندر مومنی نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔ ان کے ہمراہ ایران کے وزیر دفاع اوراعلی سول و ملٹری حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی وزیرِ دفاع سید مجید ابن رضا اور دیگر اعلیٰ فوجی و سول قیادت سے ملاقات ہوئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا آخری دیدار تہران کے امام خمینی حسینیہ سنٹر میں جاری ہے۔ دنیا بھر سے آئے وفود باری باری پیش ہوکر خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ علی خامنہ ای کے جسد خاکی کے ساتھ خاندان کے دیگر افراد کے تابوت بھی رکھے گئے ہیں۔
سابق سپریم لیڈر کی نماز جنازہ کل تہران میں ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کا جسد خاکی تہران سے قم پھرنجف اورکربلا لے جایا جائے گا۔ پھر میت واپس ایران لا کر آیت اللہ علی خامنہ ای کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
جلوسِ جنازہ میں ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔آخری رسومات کے موقع پر 6 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی،8 جولائی کو ملک بھر میں یومِ سوگ بھی منایا جائے گا۔
