مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں پچھلے چند دنوں کی مندی کے بعد ایک بار پھر زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولررز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 9 ہزار 100 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 28 ہزار 736 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
فی تولہ کے ساتھ ساتھ 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بھی بھاری اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونا 7 ہزار 802 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 67 ہزار 572 روپے کا ہو گیا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق سونے کی قیمتوں میں آنے والی یہ یکدم اور بڑی تیزی انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونا مہنگا ہونے اور مقامی صرافہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی اچانک بڑھتی ہوئی سرگرمی کو ظاہر کرتی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,078 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر تیل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں پیش رفت بتائی جا رہی ہے۔ کم تیل قیمتیں مہنگائی کے خدشات کم کرتی ہیں، جس سے سونے جیسی محفوظ سرمایہ کاری کی طلب بڑھ جاتی ہے۔
دیگر قیمتی دھاتیں بھی نمایاں طور پر مہنگی ہوئیں، چاندی، پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
