عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں برینٹ خام تیل کی قیمت گزشتہ چار ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی جس کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع ہے۔
توانائی کی عالمی منڈی میں کاروبار کے دوران سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی، عالمی معیشت میں سست روی کے خدشات اور تیل کی طلب میں ممکنہ کمی کے باعث خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رہا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مہنگائی ہماری توقعات سے زیادہ رہی، گورنر اسٹیٹ بینک
بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 73 سینٹ، یعنی 1.02 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ کروڈ آئل 70.65 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے، تاہم تازہ کمی نے قیمتوں کو گزشتہ چار ماہ کی کم ترین سطح تک پہنچا دیا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق دنیا کی بڑی معیشتوں میں صنعتی سرگرمیوں کی رفتار سست ہونے کے خدشات، عالمی تجارتی غیر یقینی صورتحال اور مستقبل میں تیل کی طلب میں ممکنہ کمی نے سرمایہ کاروں کو محتاط رویہ اختیار کرنے پر مجبور کیا ہے۔ اس کے علاوہ بعض تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے پیداوار میں اضافے کے امکانات بھی قیمتوں میں کمی کی ایک اہم وجہ قرار دیے جا رہے ہیں۔
تیل کی عالمی قیمتیں کم، پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کی جائے، حافظ نعیم الرحمان
ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے تیل درآمد کرنے والے ممالک کو مالی ریلیف مل سکتا ہے، کیونکہ درآمدی بل میں کمی آنے کا امکان پیدا ہو جاتا ہے۔ اگر عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا یہ رجحان برقرار رہتا ہے تو مختلف ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران عالمی معاشی اشاریے، بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی پالیسی، طلب و رسد کی صورتحال اور جغرافیائی سیاسی حالات خام تیل کی قیمتوں کی سمت کا تعین کریں گے۔
سرمایہ کاروں کی نظریں بھی انہی عوامل پر مرکوز ہیں، کیونکہ ان کی بنیاد پر آئندہ ہفتوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی یا استحکام کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔
