کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 30 خیرپور پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
یہ نشست رکن سندھ اسمبلی نعیم احمد کھرل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر اب آئینی تقاضوں کے مطابق انتخابی عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹرننگ افسر 6 جولائی کو پبلک نوٹس جاری کرے گا جبکہ امیدوار 8 سے 10 جولائی تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست 11 جولائی 2026 کو جاری کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16 جولائی کو ہوگی۔
آزاد کشمیر انتخابات 2026، پیپلزپارٹی نے مزید امیدوار میدان میں اتار دیئے
ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 20 جولائی تک متعلقہ فورم پر دائر کی جا سکیں گی، جن پر فیصلے 27 جولائی تک سنائے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 28 جولائی کو جاری کی جائے گی جبکہ امیدوار 29 جولائی تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے۔
امیدواروں کو انتخابی نشانات 30 جولائی کو الاٹ کیے جائیں گے، جس کے بعد انتخابی مہم باقاعدہ طور پر شروع ہو جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حلقہ پی ایس 30 خیرپورمیں پولنگ 16 اگست 2026 بروزاتوارمنعقد ہوگی، جہاں رجسٹرڈ ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے نئے رکن سندھ اسمبلی کا انتخاب کریں گے۔
ضمنی انتخاب کے اعلان کے بعد حلقے میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ہے اورمختلف سیاسی جماعتوں نے بھی امیدواروں کے چناؤ اور انتخابی حکمت عملی پر مشاورت شروع کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف، آزادانہ اور پرامن بنانے کے لیے ضروری انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔
