اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بدھ کی رات زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پشاور، ایبٹ آباد، چارسدہ، باجوڑ، شانگلہ، مردان اور بٹگرام سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ بعض مقامات پر لرزش چند سیکنڈ تک جاری رہی، جس کے باعث شہری احتیاطاً کھلے مقامات پر جمع ہو گئے۔
اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 174 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا، جہاں سے آنے والے زلزلے پاکستان کے شمالی اور وسطی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
یاد رہے کہ 3 دن پہلے بھی وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ زلزلے کا مرکز ہندوکش افغانستان تھا، زلزلے کی گہرائی 191 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔
