محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسم سے متعلق تازہ پیش گوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب (حبس) رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بلوچستان کے وسطی اضلاع میں بھی شدید گرمی برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور مختلف مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش نے جہاں گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا ہے وہاں کئی مقامات پر شدید تباہی بھی مچائی ہے۔
خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں آسمانی بجلی گرنے، چھتیں اور دیواریں منہدم ہونے کی وجہ سے افسوسناک حادثات پیش آئے ہیں، جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد لوگ زخمی ہوئے ،کئی مقامات پر مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔
ایل پی جی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کیخلاف اوگرا کا بڑا کریک ڈاؤن، 6 پلانٹس سیل
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں 6 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا یہ سلسلہ جاری رہے گا، جس کے تحت بلوچستان کے شمال میں چار جولائی تک اور سندھ کے بالائی اضلاع میں تین اور چار جولائی کو بارش ہونے کی توقع ہے۔
