لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ انفورسمنٹ انسپکٹر نشتر زون کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ، ایف آئی آر کے مطابق حادثے میں 14 بچے جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے، چھت پر مرمتی کام اور غفلت کے باعث جانی نقصان ہوا۔ چھت زیادہ وزن سے گری۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مکان مالک سمیت 5 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ تفتیش مکمل ہونے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے گزشتہ روز کاہنہ کے علاقے بستی عیدگاہ میں واقع ایک ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے تھے۔
ڈی جی خان میں نجی اسکول کی چھت گر گئی، متعدد بچے جاں بحق
جاں بحق ہونے والوں میں 7 سالہ ماہ نور فاروق، 5 سالہ مرتضیٰ عاطف، 9 سالہ غلام نبی، 6 سالہ تابشہ شہزاد، 16 سالہ خدیجہ دختر وسیم، 6 سالہ سلمان ولد وسیم اور 8 سالہ فواد ولد عابد شامل ہیں۔ زخمی ہونے والے بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ابتدائی رپورٹ طلب کر لی تھی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا تھا کہ ٹیوشن سینٹر ایک سنگل اسٹوری عمارت میں قائم تھا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت کی چھت پر جاری تعمیراتی کام کے باعث وزن بڑھ گیا، جس سے گارڈر ٹوٹ کر گر گیا اور یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
