فیفا ورلڈکپ 2026 میں پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کرکے تاریخ رقم کرنے والی کیپ ورڈے کی قومی ٹیم ایک سنگین تنازع کی زد میں آ گئی ہے، جہاں ٹیم کے کپتان ریان مینڈیز پر ریپ کا الزام سامنے آیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 36 سالہ ریان مینڈیز کے خلاف نیوزی لینڈ پولیس ایک برازیلی خاتون کی شکایت پر تحقیقات کر رہی ہے۔ خاتون ٹیم کے ساتھ مترجم (ٹرانسلیٹر) اور آپریشنل معاونت کے فرائض انجام دے رہی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق مبینہ واقعہ مارچ 2026 میں نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے ایک ہوٹل میں پیش آیا، جہاں کیپ ورڈے کی ٹیم فیفا سیریز کے میچز کے سلسلے میں مقیم تھی۔
خاتون کا الزام ہے کہ ریان مینڈیز ان کے کمرے میں داخل ہوئے اور ان پر جنسی زیادتی کی۔ شکایت درج ہونے کے بعد نیوزی لینڈ پولیس نے ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد اکٹھے کیے ہیں، جبکہ فرانزک نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
تاحال ریان مینڈیز پر کسی عدالت میں فردِ جرم عائد نہیں کی گئی اور نہ ہی انہیں کسی جرم کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں اور پولیس کی جانب سے فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی ممکنہ قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ادھر فیفا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ہر قسم کے بدانتظامی یا سنگین الزامات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے اور اس معاملے میں نیوزی لینڈ کے حکام سے رابطے میں ہے تاہم جاری تحقیقات کے باعث مزید تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔
ایران فیفا ورلڈ کپ سے باہر ہوا یا کیا گیا؟ الجیرین کپتان کے بیان نے ہلچل مچا دی
کیپ ورڈے نے اپنے پہلے ہی ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کی، تاہم کپتان کے خلاف سامنے آنے والے اس الزام نے ٹیم کی تاریخی مہم پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے تک ریان مینڈیز کے خلاف عائد الزامات ثابت نہیں ہوئے ہیں۔
