محکمہ موسمیات نے ملک کے چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے میدانی اضلاع میں درجہ حرارت 46 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ بعض پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 اور کم سے کم 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، جبکہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب کم ہو کر 30 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت مزید محسوس کی جا رہی ہے۔
پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، چارسدہ، مردان اور دیگر میدانی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مزید گرم رہنے کا امکان ہے، جبکہ آج شام کے اوقات میں چارسدہ، مردان، کوہاٹ اور بنوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب سوات، دیر، کوہستان اور شانگلہ سمیت بالائی اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے ان علاقوں میں موسم نسبتاً خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور شدید گرم رہے گا۔ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40، قلات میں 35، زیارت میں 30، ژوب میں 39، سبی میں 47، تربت میں 40، نوکنڈی میں 48 اور چمن میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ساحلی علاقوں گوادر اور جیوانی میں بالترتیب 33 اور 34 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔
پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
ادھر لاہور میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جہاں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران شہر میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
