عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں ، سرمایہ کار ایران اور امریکا کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحا میں ممکنہ مذاکرات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
برینٹ خام تیل کے اگست کے سودے 75 سینٹ یا 1.03 فیصد کمی کے بعد 72.40 ڈالر فی بیرل پر آ گئے، جبکہ زیادہ سرگرمی سے ٹریڈ ہونے والا ستمبر کا معاہدہ 40 سینٹ یا 0.54 فیصد کمی کے ساتھ 73.51 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
اس کے علاوہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی 47 سینٹ یا 0.66 فیصد کم ہو کر 70.32 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔
عالمی منڈی میں تیل سستا، پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار ٹِم واٹرر کا کہن ہے کہ سرمایہ کار دوحہ مذاکرات کے مثبت نتائج کی امید پر قیمتوں کا تعین کر رہے ہیں، اگرچہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل کی مکمل بحالی کے واضح آثار ابھی سامنے نہیں آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ محتاط انداز میں پُرامید ہے، تاہم سرمایہ کار کشیدگی میں حقیقی کمی کے ٹھوس شواہد سامنے آنے تک محتاط حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
شپنگ ڈیٹا کے مطابق حالیہ حملوں اور کشیدگی کے باوجود مشرق وسطیٰ کے تیل اور ایل این جی پیدا کرنے والے ممالک نے اپنی برآمدی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
معاشی ماہرین نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان سمیت کئی درآمدی ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی امید ظاہر کی ہے۔
