اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے فرسٹ فنانشل کلوزنگ کی کامیاب تکمیل پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ملکی معیشت اور اصلاحاتی عمل میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام طے شدہ شرائط پوری ہونے کے بعد پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول عارف حبیب کارپوریشن کی سربراہی میں سرمایہ کارکنسورشیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق حکومت نے ایک انتہائی پیچیدہ اور اہم نجکاری کا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ کامیابی سے انجام دیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ آج پی آئی اے اورملکی معاشی اصلاحات کیلئے ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے یہ کامیابی ملکی اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے مثبت پیغام ہے کہ پاکستان کاروبار، سرمایہ کاری، اصلاحات اورترقی کے لئے مکمل طور پرتیار ہے۔
پی آئی اے نجکاری مکمل، قومی ایئرلائن باضابطہ طور پر نئی انتظامیہ کے سپرد
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فرسٹ فنانشل کلوزنگ کے بعد پی آئی اے کو اس کی ماضی کی شان واپس دلانے کا خواب حقیقت کے مزید قریب آ گیا ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملازمین، مسافروں اور صارفین کے مفادات کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا، جبکہ قومی ایئرلائن کی پروازوں، آپریشنز اورخدمات میں کسی قسم کا تعطل نہیں آئے گا اور تمام فضائی قوانین اور ریگولیٹری نگرانی بھی بدستور جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے اس کامیابی پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مشیر برائے نجکاری محمد علی، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے ارکان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم ورک اور “ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ” کے باعث یہ اہم کامیابی ممکن ہوئی، جو حکومت کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔
