اسلام آباد: حکومت نے ایل پی جی صارفین کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے یکم جولائی سے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 67 روپے 33 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد یکم جولائی سے نئی قیمت 241 روپے 43 پیسے فی کلو مقرر ہوگی۔
اس سے قبل جون کے لیے ایل پی جی کی قیمت 309 روپے فی کلو مقرر تھی، حکومت کے فیصلے کے تحت 11.8 کلوگرام وزنی گھریلو ایل پی جی سلنڈر 794 روپے 5 پیسے سستا ہو گیا ہے۔
حکومت نے پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ قائم کر دیا، نوٹیفکیشن جاری
نئی قیمت کے مطابق گھریلو سلنڈر 2 ہزار 848 روپے 91 پیسے میں دستیاب ہوگا، جبکہ جون کے دوران اسی سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 644 روپے مقرر تھی۔
نوٹیفکیشن میں کمرشل صارفین کو بھی بڑا ریلیف دیا گیا ہے، 45.4 کلوگرام وزنی کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 3 ہزار 57 روپے کی نمایاں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 10 ہزار 960 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، توانائی کے شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اس نمایاں کمی سے گھریلو صارفین، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر تجارتی شعبوں کو ریلیف ملے گا، جبکہ مہنگائی کے دباؤ میں بھی کسی حد تک کمی آنے کی توقع ہے۔
