پاکستان رینجرز کیمپ پر بزدلانہ حملے میں ملوث دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار کے پس پردہ افغان طالبان رجیم کے شواہد سامنے آ گئے،حملے میں ملوث زخمی دہشت گرد نے ہوشربا انکشافات کردئیے۔
گرفتار دہشتگرد نے اپنا نام عثمان علی بتایا اورکہا کہ وہ افغانستان کے علاقے جلال آباد سے آیا،میرے ساتھ 3اور ساتھی بھی تھے جن کانام عبدالہادی ، جانان اور عمر فاروق تھا۔
کراچی میں دہشتگرد حملے میں شہید پاکستان رینجرز کے جوانوں کی نماز جنازہ ادا
میرے ساتھ آنے والا دہشتگرد عبدالہادی ماراجاچکا ہے،دہشتگرد جانان نے پاکستان رینجرز کے کیمپ پربم پھینکا تھا،ہم لوگ 7دن قبل عبدالہادی کے پاس پاکستان آئے تھے جو باجوڑ کارہائشی تھا۔
ہمیں زیر تعمیر عمارت میں رکھاگیا تھا،حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ عبدالہادی وزیرستان سے لایاتھا،دوسری طرف جانے کیلئے جب میں بھاگ رہاتھا تو مجھے گولی لگی اور میں وہیں گرگیا۔
میراتعلق جماعت الاحرار سے ہے جس کے افغانستان میں کمانڈر کا نام احرار مولوی ہے،ہم سب کو افغانستان میں تربیت دی گئی تھی،مجھے صرف جیکٹ دی گئی تھی خودکش ہم خود تیارکرلیتے ہیں۔
افغانستان میں خود کش جیکٹ اور دیگر ٹریننگ عمر قاری نے دی تھی ،کراچی آنے سے پہلے ہمارے لیےافغانستان سے سب انتظامات ہو گئے تھے،عبدالہادی یہاں سب جانتا تھا،پہلے بھی یہاں آیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان رینجرز سندھ کے ایک کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے، بروقت جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ رینجرز کے 3 جوان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 27 جون کو کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ایک کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے خوارج نے دہشت گردانہ حملہ کیا، دہشت گردوں نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکا کرنے کے بعد سکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی۔
رینجرز کے جوانوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا، کارروائی کے دوران تین دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی افغان دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے تین بہادر سپوت شہید جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی ار کے مطابق عزمِ استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔ شہداء کے خون کا بدلہ لینے کے لیے حملے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف بھرپور جوابی کارروائیاں کی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی حفاظت کیلئے قربانیاں ہمارا عزم مزید مضبوط بناتی ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز کے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،نمازجنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ،گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز کے علاوہ شہداکے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

