امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی حکام کو دھمکی دی ہے اگر انہوں نے سبق نہ سیکھا تو اسلامی جمہوریہ ایران کا وجود باقی نہیں رہے گا۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ایران میں ایک بار پھر حملے کیے ہیں جن میں میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے کی تنصیبات اور ساحلی ریڈار سائٹس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی ایران کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے جواب میں کی گئی ہے، امریکی فضائیہ نے ایران کے میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے والے مقامات اور ساحلی ریڈار سائٹس پر حملے کیے ، انہوں نے جنگ بندی معاہدے کی دوبارہ خلاف ورزی کی ہے، یہ ممکن ہے کہ وہ کبھی نہیں سیکھیں گے۔
امریکا کی جانب سے ایران کو کوئی رقم نہیں دی گئی، ڈونلڈ ٹرمپ
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا مستقبل میں مزید کارروائی بھی کر سکتا ہے، ایسا وقت بھی آ سکتا ہے جب ہم مزید تحمل نہیں دکھا سکیں گے اور ہمیں وہ کام فوری طور پر مکمل کرنا پڑے گا جس کی ہم نے بہت کامیابی سے ابتدا کی ہے، اگر ایسا ہوا تو اسلامی جمہوریہ ایران کا وجود باقی نہیں رہے گا۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی اعلان کیا تھا کہ امریکی افواج نے ایرانی جارحیت اور آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے جواب میں ایران کے فوجی نگرانی کے نظام، مواصلاتی ڈھانچے، فضائی دفاعی تنصیبات، ڈرون ذخیرہ گاہوں اور بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیت کو نشانہ بنایا ہے۔
