کراچی، پاکستان میں ڈیجیٹل بینکنگ اور آن لائن ادائیگیوں کے رجحان میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری مالی سال کی تیسری سہ ماہی کی ادائیگیوں کے نظام سے متعلق رپورٹ کے مطابق ملک میں برانچ لیس بینکنگ موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد بڑھ کر 9 کروڑ 58 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق بینکنگ موبائل ایپس کے صارفین کی تعداد 2 کروڑ 89 لاکھ جبکہ انٹرنیٹ بینکنگ استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک کروڑ 62 لاکھ ہو گئی ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والی دکانوں کی تعداد بھی بڑھ کر 25 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جس سے کیش لیس معیشت کے فروغ میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پہلے ہی بڑی کمی کی جا چکی ہے، وزیر پیٹرولیم
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران صارفین نے تقریباً 43 کروڑ 50 لاکھ آن لائن خریداریوں پر 470 ارب روپے خرچ کیے۔
اسی عرصے میں مختلف ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے تقریباً ساڑھے 3 ارب مالیاتی لین دین کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت 68 ہزار 300 ارب روپے رہی۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ یہ اعدادوشمار پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے تیزی سے فروغ، جدید مالیاتی سہولیات کے بڑھتے استعمال اور عوام کے بدلتے مالیاتی رجحانات کی عکاسی کرتے ہیں۔
