اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پہلے ہی نمایاں کمی کی جا چکی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے عزم کے تحت اب تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 200 روپے فی لیٹر جبکہ پٹرول کی قیمت میں 155 روپے فی لیٹر کمی کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نہ تو کسی ایک شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور نہ ہی کسی دوسرے شعبے پر غیر ضروری بوجھ ڈال رہی ہے۔ بلکہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کے دائرے میں رہتے ہوئے صارفین تک ہر ممکن فائدہ پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی کے رجحانات اور ملکی معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔ تاکہ جہاں ممکن ہو عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے عالمی منڈی میں پٹرول کی پلیٹس قیمت 91.68 سے 98.35 ڈالر فی بیرل جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پلیٹس قیمت 104.79 سے 109.09 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت آئندہ بھی عالمی قیمتوں اور مالی گنجائش کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی مفاد میں فیصلے کرتی رہے گی۔
