اسلام آباد، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں آنے والے زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کنگری اور دیگر متاثرہ علاقوں میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کا بروقت علاج یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اورحکومت بلوچستان کو ہدایت جاری کی کہ ریسکیو اورریلیف سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ گھروں کے مکینوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل تعاون اور بھرپور معاونت یقینی بنائے تاکہ امدادی کارروائیاں مؤثر اور بروقت مکمل کی جا سکیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت قدرتی آفت سے متاثرہ شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور تمام متعلقہ ادارے متاثرین کی بحالی، امداد اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھیں گے۔
