اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کو خبردار کیا ہے کہ غیر فعال یا زائد المعیاد قومی شناختی کارڈ کے ساتھ رجسٹرڈ سمز کسی بھی وقت معطل کی جا سکتی ہیں، لہٰذا شہری اپنے شناختی کارڈ کی بروقت تجدید یقینی بنائیں۔
پی ٹی اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موبائل سروس کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے صارفین اپنے قومی شناختی کارڈ کی معیاد پر نظر رکھیں۔ اور وقت پر اس کی تجدید کروائیں۔
ترجمان نے کہا کہ اگر شناختی کارڈ غیر فعال ہو جائے تو پہلے اسے نادرا سے دوبارہ فعال کرایا جائے، جس کے بعد موبائل سروس بھی برقرار رکھی جا سکے گی۔
اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ موبائل آپریٹر کے سروس سینٹر سے رجوع کریں، بائیو میٹرک تصدیق مکمل کریں اور اپنی سم رجسٹریشن کی موجودہ حیثیت بھی چیک کریں، خصوصاً اگر ان کا شناختی کارڈ غیر فعال ہے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ نے صارفین کیلئے جدید حفاظتی فیچر متعارف کرا دیا
پی ٹی اے نے کہا ہے کہ شناختی دستاویزات کی بروقت تجدید اور معلومات کی درستگی سے صارفین ممکنہ معطلی سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ اور موبائل کنیکٹیویٹی بلا رکاوٹ برقرار رکھی جا سکتی ہے۔
