اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کو پارٹی ڈسپلن کی مبینہ سنگین خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 روز میں تحریری جواب طلب کر لیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اقبال آفریدی پر پارٹی کے دیگر اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ بدسلوکی اور غیر مہذب زبان استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔
نوٹس کے مطابق اقبال آفریدی متعدد مواقع پر قومی اسمبلی میں پارٹی فیصلوں کے برخلاف گئے۔ جبکہ انہوں نے قومی اسمبلی کے سینئر اور جونیئر عملے کے ساتھ بھی نامناسب رویہ اختیار کیا۔
پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ اقبال آفریدی کے طرز عمل سے پارٹی کی ساکھ کو عوامی سطح پر نقصان پہنچا اور تنظیمی نظم و ضبط متاثر ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کا 29 جون سے کاروبار اور ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا اعلان
پارٹی نے ہدایت کی ہے کہ اقبال آفریدی 7 روز کے اندر شوکاز نوٹس کا تحریری جواب جمع کرائیں۔ بصورت دیگر ان کی بنیادی رکنیت منسوخ کرنے اور انہیں فوری طور پر پارٹی سے نکالنے کی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
