مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر مصنوعی ذہانت اور دیگر ذرائع استعمال کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی صورتحال سے متعلق جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔
آئی جی آزاد کشمیر نے کہا کہ موجودہ دور میں جعلی اور گمراہ کن خبریں ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں، اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ کسی بھی خبر یا اطلاع کو آگے پھیلانے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر میں راستوں کی بندش سے متعلق گردش کرنے والی خبریں حقائق کے منافی ہیں اور ریاست میں آنے اور جانے والے تمام راستے معمول کے مطابق کھلے ہیں۔
لیاقت علی ملک نے خوراک سے بھری گاڑی کو روکنے سے متعلق الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی اطلاعات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں اور عوام کو افواہوں پر کان نہیں دھرنے چاہئیں۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ کسی بھی خبر کی حقیقت جانچنے کے لیے فیکٹ چیکنگ کے ذرائع استعمال کیے جا سکتے ہیں، جبکہ آزاد کشمیر پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو بری نظر سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے ، اسحاق ڈار
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مصدقہ ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور جھوٹی خبروں کے پھیلاؤ کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ عوام میں بے چینی اور غلط فہمیاں پیدا نہ ہوں۔
