وزیراعظم کے مشیر رنا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ انتخابات کا تیسرا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد حکومت سازی کا عمل شروع ہو گا۔
وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پرامن انداز میں جاری ہے ، آزاد کشمیر کے عوام ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کو مینڈیٹ سونپ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی پیپلز پارٹی دھاندلی کا شور کر رہی ہے ، شدت پہلی جتنی نہیں، دھاندلی کے الزامات لگانے والوں نے ابھی تک کوئی ثبوت نہیں دیا۔ بعض حلقوں میں دھرنے کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے انتخابات کو موخر کرنے کا فیصلہ کیا۔
الٹی گنتی والے خود بھی سیدھے ہو جائیں گے ، ان کی گنتی بھی سیدھی ہو جائیگی ، رانا ثناء اللہ
انہوں نے کہا کہ عوام کے حق رائے دہی کو روکنے والے اپنے مقاصد میں ناکام ہو چکے ہیں۔ دھرنا دینے والے آزاد کشمیر انتخابات نہیں روک سکے۔ دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے والےعناصر کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، ہتھیار اٹھانے والے عناصر کے خلاف کارروائی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت مظاہرین کے جائز مطالبات پر ضرور نظر ثانی کرے گی، آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت نے مناسب سمجھا دھرنے والوں کو ٹائم دیا جائے، امید ہے اب دھرنے والے اپنا احتجاج ختم کر دینگے۔
وزیراعظم اچھے ہیں، ن لیگ کا ایک حصہ ہمارا اتحاد توڑنا چاہتا ہے، بلاول بھٹو
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اب تک کے انتخابی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی ، منتخب حکومت آزاد کشمیر کے معاملات جمہوری انداز میں چلائے گی ،اور عوامی مسائل کو حل کرے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے آزاد کشمیر کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، جسے عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے گا۔
امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ حویلی کے جلسے میں ہزاروں افراد کی شرکت اور پولنگ سے قبل عوام کا جوش و خروش مسلم لیگ (ن) سے وابستگی کا واضح اظہار تھا۔ مخالفین کے الزامات اپنی جگہ، عوام نے اپنے ووٹ سے جواب دے دیا ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ سندھ، پنجاب اور دیگر علاقوں سے آنے والوں کو بھی آزاد کشمیر کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے۔ آزاد جموں وکشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات مضحکہ خیز ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رونے دھونے پر حیرت ہوتی ہے۔
