پشاور: خیبرپختونخوا کے محکمہ بلدیات نے معذور سرکاری ملازمین کے خصوصی کنوینس الاؤنس اور لوکل کونسل بورڈ کے پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کر دیا۔
محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق معذور سرکاری ملازمین کا خصوصی کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا ہے۔ اور نئے الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق الاؤنس میں اضافے کا فائدہ لوکل کونسل بورڈ کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ لوکل گورننس اسکول، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کے اہل معذور ملازمین کو بھی ہو گا۔
محکمہ بلدیات کے مطابق خصوصی کنوینس الاؤنس فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مقرر کردہ شرائط و ضوابط کے تحت ادا کیا جائے گا۔ الاؤنس میں اضافے کا فیصلہ لوکل کونسل بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔
دوسری جانب لوکل کونسل بورڈ کے پنشنرز کے لیے بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام متعلقہ پنشنرز کی نیٹ پنشن میں 7 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔
پنشن میں اضافے سے لوکل کونسل بورڈ کے علاوہ لوکل گورننس اسکول، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور اور خیبرپختونخوا کی تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کے پنشنرز بھی مستفید ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات متنازع بنا دیئے گئے، چودھری یاسین
حکام کے مطابق الاؤنس اور پنشن میں اضافے کا مقصد موجودہ معاشی حالات میں سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کو اضافی مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔
