آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رجسٹریشن بحال کرتے ہوئے اہم فیصلہ سنا دیا اور مختصر حکم نامہ جاری کر دیا۔
چیف جسٹس آزاد کشمیر ہائی کورٹ جسٹس شاہد بہار کی سربراہی میں قائم لارجر بینچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی کی رجسٹریشن بحال کرنے اور انتخابی نشان الاٹ کرنے کا حکم جاری کیا۔
عدالتی حکم کے بعد پی ٹی آئی کے امیدوار آئندہ انتخابات میں بلے کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑ سکیں گے۔
آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے سرکاری ملازمتوں کے بارے میں بڑا فیصلہ سنا دیا
واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی رجسٹریشن منسوخ کر دی تھی، جس کے خلاف سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی تھی۔
لارجر بینچ نے درخواست پر سماعت مکمل کرنے کے بعد مختصر حکم جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو ریلیف فراہم کر دیا، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل مکمل ہو گیا، جس میں مجموعی طور پر 45 انتخابی حلقوں سے 1265 امیدواروں نے اپنے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
جسٹس سردار لیاقت حسین چیف جسٹس آزاد کشمیر ہائیکورٹ تعینات
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں موجود 33 انتخابی حلقوں سے 1047 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جبکہ پاکستان میں مقیم مہاجرین کے لیے مختص 12 حلقوں سے 218 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدوار 3 جولائی تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، امیدواروں کی حتمی فہرست 4 جولائی کو جاری کی جائے گی۔
اسی طرح تمام امیدواروں کو 5 جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے، جس کے بعد انتخابی مہم باقاعدہ طور پر مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔
