اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی وفد آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کرے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ملاقات کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن وسلامتی، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے ایران کے امن، استحکام، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت نے ایرانی صدر کے امن معاہدے کے بعد پاکستان کے پہلے سرکاری دورے کا خیرمقدم کیا۔ اور دونوں رہنماؤں نے دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آصف علی زرداری نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر ایرانی صدر کو مبارکباد بھی دی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ تکنیکی سطح کے مذاکرات خطے میں مستقل امن کے قیام کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔ علاقائی امن اور عالمی چیلنجز کے پائیدار حل کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کی حمایت کرتے ہیں۔
آصف علی زرداری نے خلیجی ملکوں کے ساتھ مضبوط تعلقات اور امت مسلمہ کے اتحاد کے تحفظ کے لیے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔
صدر زرداری نے ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وفد آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کرے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امن اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کی مثبت اور تعمیری کوششوں پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی صدرمسعود پزشکیان کی ملاقات
انہوں نے کہا کہ سیاسی، اقتصادی، سیکیورٹی اور علاقائی امور میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
