فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں گولڈن بوٹ کی دوڑ غیر معمولی حد تک سنسنی خیز ہوتی جا رہی ہے، جہاں دنیا کے 3 بڑے فارورڈز لیونل میسی، کائلین ایمباپے اور ایرلنگ ہالینڈ ایک دوسرے کو سخت ٹکر دے رہے ہیں۔
بی بی سی اسپورٹس کے مطابق ٹورنامنٹ کے ابتدائی دو میچز کے بعد لیونل میسی 5 گولز کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ ایمباپے اور ہالینڈ 4، 4 گولز کے ساتھ ان کے تعاقب میں ہیں۔
ابتدا میں ہی 4، 4 گولز کرنے کا ریکارڈ
ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ صرف دوسری بار ہوا ہے کہ ابتدائی 2 میچز کے بعد 3 کھلاڑی 4 یا اس سے زائد گول کر چکے ہوں، اس سے قبل ایسا 1954 میں دیکھا گیا تھا۔
میسی نے آسٹریا کے خلاف 2 گول کر کے نہ صرف اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی بلکہ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
HANDS UP, THE GOAT IS TAKING OVER 🙌 pic.twitter.com/Y34LaZzZJp
— Selección Argentina in English (@AFASeleccionEN) June 22, 2026
38 سالہ میسی اب 28 میچز میں 18 گولز کے ساتھ اس فہرست میں سب سے آگے ہیں۔
دوسری جانب کائلین ایمباپے نے عراق کے خلاف میچ میں 2 گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی اور اپنے کیریئر کے 100ویں انٹرنیشنل میچ کو یادگار بنا دیا۔ وہ اب 16 گولز کے ساتھ سابق جرمن اسٹرائیکر میروسلاف کلوزے کے ریکارڈ کے برابر آ گئے ہیں اور گولڈن بوٹ کے ساتھ ساتھ مجموعی ریکارڈ پر بھی نظریں جمائے ہوئے ہیں۔
100th cap. Brace. Player of the Match. 🏆🔥#FRAIRQ | #FIFAWorldCup pic.twitter.com/EjsjNCrXPi
— French Team ⭐⭐ (@FrenchTeam) June 23, 2026
ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سینیگال کے خلاف 2 گول کیے اور اپنی ٹیم کو اگلے مرحلے تک پہنچایا۔ وہ اپنے پہلے ہی ورلڈ کپ میں مسلسل دو میچز میں 2، 2 گول کرنے والے چند کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔
Two more🔥 Just keep ‘em coming, Erling🤩 pic.twitter.com/FaI5f3pVYL
— Fotballandslaget (@nff_landslag) June 23, 2026
ماہرین کے مطابق یہ تینوں اسٹارز نہ صرف گولڈن بوٹ بلکہ ورلڈ کپ کے مجموعی گولز کے ریکارڈ کو بھی چیلنج کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ انگلینڈ کے ہیری کین بھی اس دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں، جنہوں نے پہلے میچ میں 2 گول کیے تھے۔
اس ٹورنامنٹ میں کئی ریکارڈز ٹوٹ رہے ہیں۔ ایمباپے فرانس کے لیے سب سے زیادہ ورلڈ کپ گول کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں، جبکہ ہالینڈ محض 2 میچز کے بعد ناروے کے ٹاپ اسکورر بن گئے ہیں۔ ہیری کین نے بھی انگلینڈ کے لیے گیری لائنکر کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق 48 ٹیموں کے نئے فارمیٹ اور اضافی میچز کی وجہ سے گولز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ٹاپ اسٹرائیکرز کو مزید مواقع مل رہے ہیں۔
گولڈن بوٹ کی یہ دوڑ اب اس سوال پر آ کر رک گئی ہے کہ آیا میسی اپنی برتری برقرار رکھ پائیں گے یا ایمباپے اور ہالینڈ انہیں پیچھے چھوڑ دیں گے۔
